قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہال آف فیم میں باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا۔
لاہور میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ کے آغاز سے قبل ویسٹ انڈین بیٹنگ لیجنڈ سر ویوین رچرڈز نے وسیم اکرم کو یادگاری کیپ اور شیلڈ پیش کی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وسیم اکرم نے 1984 سے 2003 تک اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 916 وکٹیں حاصل کیں اور 6ہزار 615 رنز بنائے۔
وسیم اکرم پی سی بی کے ہال آف فیم میں شامل ہون ےوالے آٹھویں کرکٹر ہیں، ان سے قبل عبدالقادر، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وقار یونس اور ظہیر عباس بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے ہال آف فیم میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں سر ویوین رچرڈز ہاتھوں سے یہ اعزاز وصول کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور مجھے یہ ایوارڈ ایک ایسے مقام پر دیا گیا ہے جو کیریئر کے دوران میرا ہوم گراؤنڈ رہا ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ 18 سال سے زائد عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے جہاں اس دوران میں نے 460 انٹرنیشنل میچز کھیلے، ان میچوں میں لی گئی ہر وکٹ اور بنایا گیا ہر رن انمول تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں، ان کا تعاون بے مثال رہا ہے، میں اپنے خاندان اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس ناقابل یقین سفر کے دوران میرے ساتھ کھڑے رہے۔
.@wasimakramlive is formally inducted into the PCB Hall of Fame as he receives commemorative cap and plaque from the legend @ivivianrichards#PCBHallofFame pic.twitter.com/l9HAvvxRiN
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 20, 2022