کراچی (سید وزیر علی قادری):آسٹریلیوی ٹیم نے پاکستان کے خلاف 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 اوورزمیں 505 رنز بناکر دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے روزمیچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی اور پاکستان کے بولرز اور فیلڈرزکوتھکا دیا۔نیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کے روز آسٹریلیا کے وکٹ کیپر الیکس کیری اپنی سینچری صرف 7 رنز کی کمی سے مکمل نہ کرسکے لیکن عثمان خواجہ کے ساتھ ملکر انہوں نے اپنی ٹیم کے اسکور کو 500 رنزسے زیادہ پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،42 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیائی سرزمین پر کسی ٹیم نے 180 اوورز تک بیٹنگ کی۔عثمان خواجہ 160رنز بناکر آف اسپنر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ایلکس کیری 93 رنز بناکربابراعظم کے ہاتھوں بولڈ ہوئے جبکہ نائٹ واچ مین نیتھن لیون نے 38 رنز بناکر پاکستانی بولرز کے لئے دردسر بنے رہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے 251رنز3 وکٹوں کے نقصان پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی توعثمان خواجہ 127 رنز اور نائٹ واچ مین نیتھن لیون نے ڈٹ کر پاکستانی بولرز کا مقابلہ کیا، عثمان خواجہ نے 332 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 150 رنز مکمل کئے۔ جب مجموعی اسکور 304 رنز پر پہنچا تو لیون 38 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 82 منٹ میں 62 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں 5 چوکے لگائے۔ عثمان اور لیون نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے۔ ٹریوس ہیڈ نے 48 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور وہ ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ عثمان خواجہ کی556 منٹ کی اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ ساجد خان کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ وکٹ کیپر ایلکس کیری اور مچل اسٹارک نے پاکستانی بولرز کے لئے مزید مشکلات پیدا کیں اور 8ویں وکٹ پر 98 رنز کی شراکت قائم کی۔