کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے نئے بولنگ کوچ اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ نے قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیا ، انہیں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم وہ والد کے انتقال کے باعث اسکواڈ کو جوائن نہ کرسکے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم جوائن کرنے سے قبل کرونا ایس او پیز کے تحت شان ٹیٹ نے مقامی ہوٹل میں سہ روزہ قرنطینہ مکمل کیا ، بعد ازاں ان کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا جس کا نتیجہ منفی آیا۔پاکستان کرکٹ کو جوائن کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی بولر کا کہنا تھا کہ یہ میرا پہلا دورہ پاکستان ہے،یہاں آکرخوش ہوں، یقین ہے کہ پاکستان کی کوچنگ کرنا ایک یادگار تجربہ ہوگا۔قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ2 سال میں کوچنگ کا کافی تجربہ حاصل کیا، پی ایس ایل سے بھی منسلک رہاہوں، پاکستان میں کوچنگ کرنے میں بہت مزہ آئے گا کیونکہ پاکستان فاسٹ بولنگ کے حوالے سے مشہور ہے، اپنا تجربہ پاکستانی بولرز کو منتقل کرنیکی کوشش کروں گا۔