کراچی (اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 میں پاکستان کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ اپ ڈیٹ کی گئی جس کے مطابق آسٹریلیا پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان دوسرے اور جنوبی افریقا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک میچ جیتنے پر ٹیم کو 12 پوائنٹس ملتے ہیں اور ڈرا ہونے کی صورت میں ٹیم کو 4 پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔پاکستان نے اب تک ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 3میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 2میچز ڈرا ہوئے۔یاد رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا ایڈیشن 4اگست 2021کو شروع ہوا تھا جبکہ اس کا فائنل 31مارچ 2023کو کھیلا جائے گا۔