لاہور (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ آسڑیلیا کرکٹ ٹیم کو لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں،پاک آسڑیلیا کرکٹ سیریز میں دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں،لاہور میں ہونیوالے تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے انتظامات مکمل ہیں پنجاب حکومت آسڑیلیا کرکٹ ٹیم کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے جمعرات کے روز بیان میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم، عبداللہ شفیق اور محمدرضوان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھیل پیش کیا ، ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں امید ہے تیسراٹیسٹ میچ فیصلہ کن ہو گااور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ دوسری طرف پولیس آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو 24 سال بعد لاہور آمد پر خوش آمدید کہتی ہے،سربراہ لاہور پولیس پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کے لئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز گزشتہ روز بذریعہ طیارہ صوبائی دارلحکومت پہنچے۔پاکستانی و آسٹریلین ٹیموں کی آمد کے پیش نظر لاہور پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے کہا کہ لاہور پولیس آسٹریلین کرکٹ ٹیم کو 24 سال بعد لاہور آمد پر خوش آمدید کہتی ہے،آسٹریلین و قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں،آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور میں ٹیموں کے پریکٹس سیشن،21 مارچ سے کھیلے جا نے والے آخری ٹیسٹ میچ،ممکنہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران ایس پیز، ڈی ایس پیز سمیت 8 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔