
اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت کی اتحادی جماعت کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے واضح کہا کہ پیپلز پارٹی غلط بیانی کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیرسگالی کاپیغام لیکر ایم کیوایم پاکستان کے پاس گئے تھے اور وہ پیغام تھا کہ آپ ہمارے دوست ہیں ساتھ چلتے رہیں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے توقع ہے کہ اتحادی جماعتیں سیاسی فیصلہ کریں گی، اتحادی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے،سیاسی مخالفت میں ذاتیات پر باتیں نہیں ہونی چاہییں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اپنی شوریٰ سے مشاورت کررہی ہیں، مجھے توقع ہے کہ اتحادی جماعتیں سیاسی فیصلہ کریں گی، میرے سیاسی حساب کتاب کے مطابق اتحادی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے، سیاسی مخالفت میں ذاتیات پر باتیں نہیں ہونی چا ہییں ، کسی کی ذات پر انگلی اٹھانا مناسب نہیں، وہ جملے ادا نہیں کرنے چاہییں کہ کل کو آنکھ نہ ملا سکیں، میں اپنی پارٹی والوں سے بھی کہتا ہوں کہ تنقید فیصلوں پر کریں ذاتیات پر نہیں۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ جو کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، اس جماعت نے کراچی کے عوام کے حقوق کے ساتھ جو کیا وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ایم کیو ایم والے پیپلزپارٹی کے ڈسے ہوئے ہیں، لیکن ہم نے ایم کیو ایم کو سینے سے لگایا، حکومت میں نمائندگی دی، ہم نے کراچی پیکج دیا حیدرآباد یونیور سٹی دی اور مستقبل میں بھی ایم کیو ایم کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، ان کے ورکر یہ ساری باتیں سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی سمجھدار آدمی ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ ہم دیکھتے رہ گئے اور نواز شریف بیرون ملک چلے گئے، آج لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہاں جو پلیٹلٹس گر گئے تھے وہ لندن جا کر ٹھیک ہو گئے،(ن)لیگ اور (ق) لیگ کا ایک ماضی ہے، (ق) لیگ کا ووٹر اپنی قیادت کو(ن)لیگ کے ساتھ بیٹھا دیکھ کر کیسا محسوس کرے گا،(ن)لیگ ،ق لیگ کو وزارت اعلیٰ کی آفر کررہی ہے، اقلیتی جماعت کا چیف منسٹر ہوا تو کابینہ کے فیصلوں پر اکثریتی جماعت اثرانداز ہوگی، یہ باتیں منطقی نہیں۔دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے ملاقات کے بعد اب مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر و اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔انہوں نے چودھری برادران کے ساتھ ملاقات کا وقت طے کرلیا اور وہ آج دوپہر دو بجے پرویز خٹک کے ساتھ پرویز الٰہی کی رہائش گاہ جائیں گے۔شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام چودھری برادران تک پہنچائیں گے۔