حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشنوں کے قریب نامعلوم د ہشت گردوں نے تخریب کاری کی 2 کاروائیوں میں ریل کی پٹڑیوں کو دھماکا خیز مواد نصب کرکے اڑا دیا جس کے بعد ان علاقوں میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ پولیس، رینجرز اور ریلوے حکام نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ریلوے ٹریفک بحال کردی اور دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب مرزا پاڑے کے مقام پر تخریب کاروں نے ریل کی پٹڑی پر دیسی ساختہ بم نصب کرکے تقریباً پٹڑی کا ایک فٹ تک کا حصہ اڑادیا جس کے بعد فوری طورپر رینجرز، پولیس اور ریلوے پولیس و حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کردیا۔ اس سے قبل کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب خورشید کالونی کے مقام پر دہشت گردی کی کارروائی میں ملک دشمن دہشت گردوں نے ریل کی پٹڑی پر طاقتور بم نصب کرکے ریلوے کی پٹری کا ایک فٹ کے ٹکڑے کو اڑادیا تھا جس کی وجہ سے کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین شالیمار ایکسپریس کو بولہاری ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا،حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشن پر روکنے کے بعد پاکستان ایکسپریس اور بہاالدین زکریا ایکسپریس کو ان کی اگلی منزل کراچی روانہ کردیا گیا۔ ریلوے اسٹیشن کے حکام نے بتایا کہ ٹریک کو کوئی خاص نقصان نہیں ہوا ہے پھر بھی اس کی مرمت کردی گئی ہے،بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کا کہنا ہے کہ تخریب کاری کی دونوں وارداتوں میں ایک ہی جیسا بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق تخریب کاری کے دونوںواقعات میں سندھ کی علیحدگی پسند کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔