اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی سازش کے خلاف آج اسلام آباد ریڈ زون کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا جس میں وہ خود بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے غداری ہورہی ہے جس کے خلاف آج اسلام آباد ریڈزون کے باہر پرامن احتجاج کرینگے، ریڈ زون کے باہر ضمیر فروشوں کیخلاف پرامن احتجاج ہوگا اور میں نماز عشا کے بعد خود بھی اس احتجاج میں شریک ہونگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے کہتی تھی کہ یہ حکومت نااہل ہے، وزیراعظم استعفیٰ دے اور الیکشن کرائیں، اب میں نے الیکشن کا اعلان کرادیا ہے تو سوال ہے کہ اب یہ سپریم کورٹ کیوں چلے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے اسمبلیاں تحلیل کیں، الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا لیکن یہ چاہ رہے ہیں میری حکومت دوبارہ بحال ہو، عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کیوں چاہتے ہیں کہ حکومت بحال ہو اس لیے کہ انکے خریدے ہوئے لوگ حکومت میں آئیں۔
وزیراعظم نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غداری کیخلاف یہ لازم ہے کہ آپ پر امن احتجاج کریں، کبھی تصادم کی سیاست نہ کریں، لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ باہر سے ہونیوالی غداری کا حصہ نہ بنیں کیونکہ جب تک عوام کا دباؤ نہیں ہوگا یہ چیزیں ہوتی رہیں گی۔ لوگوں کو باہر نکل کر ہارس ٹریڈنگ کیخلاف احتجاج کرنا چاہیے، قوم سچائی کیساتھ ہے اور چوروں کیخلاف لڑائی لڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان لاہور میں احتجاج کریں گے، مجھے معلوم ہے لاہور کے ہوٹل میں لوگوں کو خریدا جارہا ہے، منحرف ارکان کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔