اسلام آباد: ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وضاحت کی ہے کہ الیکشن سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ضر وری وضاحت کی جاتی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔
قبل ازیں ایک نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مختلف قانونی رکاوٹوں اور طریقہ کار کے چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے تین ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے سے معذوری کا اظہار کیا ہے۔ ای سی پی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایاکہ بتایا کہ عام انتخابات کی تیاریوں میں تقریباً 6 ماہ لگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حلقوں کی تازہ حد بندی بالخصوص خیبرپختونخوا میں جہاں 26ویں ترمیم کے تحت نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تھا اور ضلع و حلقہ وار انتخابی فہرستوں کو ہم آہنگ کرنا بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندی ایک وقت طلب کام ہے جہاں قانون صرف اعتراضات کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت فراہم کرتا ہے جبکہ انہیں حل کرنے کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ اس کام کو مکمل کرنے کے لیے کم از کم تین ماہ درکار ہوں گے، اس کے بعد ووٹرز کی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنا ایک اور بڑا کام ہوگا۔