واشنگٹن (اے پی پی)مائیکرو سافٹ کے امریکی ارب پتی اور شریک بانی بل گیٹس نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوا ، دنیا نے ابھی تک اس وبا کا بدترین مرحلہ نہیں دیکھا ہے، کورونا کی نئی تبدیل شدہ شکل زیادہ خطرناک اور5 فیصد زیادہ مہلک ہوسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی چینل اسکائی نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی بھی ایک وبا کا خطرہ ہے۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے طویل مدتی اثر رکھنے والی ویکسین کی اشد اور فوری ضرورت ہے۔بل گیٹس نے اپنی کتاب میں بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم کے قیام کا مشورہ دیا ہے، جس میں سائنس دان بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وبائی امراض کے ماہر، کمپیوٹر ڈیزائنرز اور سافٹ ویئر کے ماہرین کی ٹیم تیار کرنے پر زور دیا۔ تاکہ خطرات کا تعین کرنے اور بین الاقوامی کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا سکیں۔گیٹس نے عالمی ادارہ صحت کے ذریعے چلائے جانے والے عالمی وبا کے ردعمل کی ٹیم کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اضافی سرمایہ کاری بہت ضروری ہے تاکہ اس وائرس سے کامیابی سے نمٹا جاسکے۔