لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بجٹ میں غریبوں کے لئے کچھ نہیں ہے۔ موجودہ حکومت نے نااہلی کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ آئی ایم ایف کی غلامی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ ذخیرہ اندوز مافیا ہر چیز من مانے نرخوں پر فروخت کررہا ہے۔ ڈالر جس تیزی سے آسمان کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، مہنگائی نے بھی اسی تیزی سے سپیڈ پکڑی ہوئی ہے۔ غیر ملکی قرضوں میں بھی اربوں ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔
وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے بعد حکومت جلد از جلد سود سے پاک نظام معیشت لانے کی پابند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز شاہ جمال میں جماعت اسلامی کے پی پی 158 سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی عمیر اعوان کے ہمراہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی پی 158 سے امید عمیر اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا نظام لانے کے لئے کوشاں ہے۔
کیونکہ اسلامی نظام ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ قوم نے ساری پارٹیوں کا آزما لیا۔ اب جماعت اسلامی کے ایماندار اور جذبہ حب الوطنی اور خدمت خلق سے سرشار امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔ ہم آپ کو خوشحال پاکستان کی نوید سنائیں گے۔