ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

‘ہائیکورٹ کا فیصلہ حمزہ شہباز کے خلاف نہیں بلکہ انکے حق میں ہے’ پی ٹی آئی عدالتی فیصلے سے نا خوش

پی ٹی آئی نے حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ انتخاب کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ فیصلہ حمزہ شہباز کے ہی حق میں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ فیصلے نے پنجاب میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔حمزہ شہباز کی حکومت برقرار نہیں رہی، جو حل دیا گیا ہے اس کے نتیجے میں بحران ختم نہیں ہوگا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ فیصلے میں کئی خامیاں ہیں، لیگل کمیٹی کی میٹنگ بلالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ فیصلے میں خامیوں کو لے کر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘ اس فیصلے میں قانونی ابہام: ایک طرف حکم کہ یہ الیکشن درست نہیں تھا اور اسے کالعدم قرار دے دیا اور دوسری طرف اسی غلط الیکشن کے نتیجے میں بننے والے وزیراعلی حمزہ کو کام جاری رکھنے کا کہا جا رہا ہے، اس فیصلے کے بعد اور خرابی ہو گی۔ غلط پر اور غلط ہوگا۔ ایک ہی حل ہے نیا جنرل الیکشن۔

دوسری جانب عدالتی فیصلے کو پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے آئین اور قانون کی جیت قرار دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے صحافی صدیق جان نے کہا کہ ‘تحریری فیصلہ پڑھنے کے بعد میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ فیصلہ حمزہ شہباز کے خلاف ہرگز نہیں ہے،
پی ٹی آئی کو زیادہ جشن منانے کی ضرورت نہیں ہے، یہ فیصلہ حمزہ شہباز کے حق میں ہے۔’

صحافی عمران ریاض خان کا کہنا ہے کہ فیصلے کی تفصیل میں حمزہ شہباز کی واپسی کے امکانات ہیں۔ تحریک انصاف اور ق لیگ کو کامیابی کے لیے کافی زور لگانا پڑےگا۔

صحافی بلال غوری نے کہا کہ ‘حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلی انتخاب پر سوالات اٹھ رہے تھے ،اب عدالتی فیصلے کے بعد وہ شفاف انداز میں دوبارہ وزیراعلی بن جائیں گے اور یہ تاثر بھی زائل ہو جائے گا کہ عدالتوں سے تحریک انصاف کو انصاف نہیں ملتا۔بس اتنی سی بات پہ اگر پی ٹی آئی کے کارکن جشن منانا چاہتے ہیں تو جی بسم اللہ’

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا انتخاب کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی کے الیکشن کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کے الیکشن کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست منظور کر لی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں