اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) والے الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوسکتے ہیں انہیں جمعرات کو دفتر کے سامنے احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف والے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کرے۔ اگر کوئی ایڈوانچر کیا توپوری طاقت سے نمٹیں گے، کل ریڈ زون میں داخل اورالیکشن کمیشن آفس کے سامنے آنے کی جسارت نہ کریں، کوئی جلدی نہیں، ہرچیزآئین وقانون کے مطابق کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آفس ریڈ زون میں ہے، ریڈ زون میں کسی کوبھی احتجاج کی اجازت نہیں، ان کو انتباہ کرتا ہوں ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔ ریڈ زون کے بجائے ایچ نائن پارک میں احتجاج کرسکتے ہیں، ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ اگرکسی نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی تو پھر قانون کے مطابق روکا جائے گا،اطلاعات ہیں یہ الیکشن کمیشن پرحملہ آور ہو سکتے ہیں، خبردار کرتا ہوں کوئی ریڈ زون میں داخل نہ ہو، پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر انتشار پھیلانا چاہتی ہے، ایچ نائن پارک میں پرامن احتجاج کی اجازت دیں گے، پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے۔
راناثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلے میں عمران خان بیرونی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں، عمران خان نے پاکستان کی سیاست کو گندہ کیا اور نفرت پھیلائی، عمران خان نے اوئے، توں کا کلچر متعارف کرایا، کابینہ کے اجلاس میں بنیادی فیصلے ہوں گے، الیکشن کمیشن فیصلے میں مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی، جس میں منی لانڈرنگ، جعل سازی اور فیک اکاونٹس کی نشاندہی کی گئی، فیصلے کی بنیاد پرہم جائزہ لے رہے ہیں۔