اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علوم کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید تعلیم اور سائنسی علوم سکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں نہ صرف ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں مدد ملے گی بلکہ تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی، ترقی یافتہ قومیں اپنی زبان پر فخر کرتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اپنی زبان کو مستحکم رکھنا ہے، ترقی یافتہ قومیں اپنی زبان پر فخر کرتی ہیں، انگریزی زبان کی ایک عالمی حیثیت ہے مگر اردو ہماری قومی زبان ہے، بعض زبانوں کے ختم ہونے کا خطرہ ہے جنہیں معدوم ہونے سے بچانے کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے زبان اور مواصلات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ اپنی قومی زبان کے علاوہ دوسری زبانوں پر بھی عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں فاصلاتی تعلیم کا حامی رہا ہوں، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک میں تعلیم کے شعبہ میں گرانقدر کردار ادا کررہی ہے جس کے طلباکی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے، نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اور دیگر جدید علوم کے ساتھ ساتھ ہنرمند بنانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ قومی زبان اردو کو ترقی دینا ناگزیر ہے، پاکستان کے آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اپنی زبان کو مستحکم رکھنا ہے، یہ ہماری میراث ہے اس کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ زبان ہماری زندگیوں میں اہم کردار اداکرتی ہے، زبان کے بغیر علم کا حصول ممکن نہیں،سر سیداحمد خان نے برصغیر کے مسلمانوں کو انگریزی زبان سیکھنے کے لئے راغب کیا جس کا مقصد یہ تھا کہ وہ جدید علوم سیکھ سیکیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ فیک نیوز کے باعث دنیا بھر کے معاشروں میں تنائو بڑھ رہا ہے جس کو روکنے کی ضرورت ہے۔