کراچی:شہر قائدمیں21 اور 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر داخل ہوگی جو کہ خشک موسم کا سبب بنے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں نئی لہر کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ یہ مغربی سلسلہ 18 جنوری کی رات سے بلوچستان میں داخل ہوگا اور اس کے زیر اثر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق سردی کی ایک نئی لہر کے دوران کراچی بلوچستان کی سرد ہواؤں کے لپیٹ میں رہے گا اور اس دوران معمول سے تیز شمال مشرقی ہوائیں چل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سردی کی نئی لہر کے دوران کراچی میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں آسکتا ہے، مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم بدھ کی صبح بلوچستان پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے کہاکہ سسٹم کے تحت بلوچستان میں بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے، سسٹم سندھ اور ملک کے شمالی حصے میں بھی بارشوں کا باعث بن سکتا ہے۔
