پشاور: خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے، جس کے تحت اعظم خان کا نام سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت اور اپوزیشن مشاورت کے بعد سابق چیف سیکرٹری اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے پر متفق ہوگئی ہیں۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمودخان اوراپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے درمیان مشاورت کا آج آخری روز تھا، جس کے لیے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی اسپیکر ہاؤس پہنچے اور حکومت سے مذاکرات کیے۔
اکرام خان درانی سے ہونے والے مذاکرات میں وزیراعلی محمود خان، پرویز خٹک، اسپیکر مشتاق غنی موجود تھے۔ دونوں فریقین نے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ناموں پر غور کیا اور باہمی مشاورت و رضامندی سے سابق چیف سیکرٹری کو نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنانے کی منظوری دے دی۔
