ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پٹرولیم نرخوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، اسلام آباد چیمبر

Summary

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکمشت 35 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی لہر سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو جائے گا اور کاروبار کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہونے سے کاروبار کرنابہت دشوار ہو جائے گا جس سے معیشت مزید کمزور ہو گی ۔ ڈالر کے مقابلے ہماری کرنسی کی قدر میں تقریباً 40 روپے سے زائد کمی اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے کا اضافہ عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کرے گا جس سے کاروباری سرگرمیاں مزید کم ہوں گی اور تباہ حال معیشت کو بحال کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

قائم مقام صدر آئی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 250 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت تقریباً 263 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے توانائی کی لاگت بھی کئی گنا بڑھ جائے گی جس سے تجارتی و صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور ہماری برآمدات کے لیے عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے میں استعمال ہوتا ہے جبکہ اس کی قیمت میں اضافے سے اشیا کی نقل و حمل کی لاگت اور زرعی مصنوعات کی قیمتیں مزید اوپر جائیں گی جس سے خاص طور پر کم آمدنی والے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔ مزید برآں اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو گا اور پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فاد وحید نے کہا کہ مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے کیونکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرول پمپس کو ضرورت کے مطابق یہ مصنوعات فراہم نہیں کررہی ہیں اور یہ صورتحال مارکیٹ میں غیر ضروری خوف و ہراس کا باعث بن سکتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں