اسلام آباد: سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق پرویز مشرف امریکن ہاسپٹل دبئی میں زیر علاج تھے، پرویز مشرف کی فیملی ان کی میت کو پاکستان لانے پر سوچ بچار کر رہی ہے،سابق صدر پرویز مشرف گیارہ اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 79 سال کی عمر میں ہوا۔
جنرل (ر) پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔
پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لاء لگا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔
سابق صدر کا خاندان 1947 میں نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا تھا۔ پرویز مشرف 1964 میں پاکستانی فوج میں شامل ہوئے، وہ آرمی اسٹاف اینڈ کمانڈ کالج کوئٹہ کے گریجویٹ تھے۔
