غزہہزاروں فلسطینوں نے مختلف علاقوں میں مظاہرہ کر کے اردن میں ہو رہے العقبہ سکیورٹی اجلاس کی مخالفت کا اعلان کیا۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مقبوضہ فلسطین کے جنین کیمپ میں ہزاروں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے اردن کی میزبانی میں ہو رہے العقبہ اجلاس کی سخت مخالفت کی۔
فلسطینی تنظیموں نے اردن میں ہو رہے امریکی اسرائیلی اجلاس العقبہ کو اسرائیلی حکومت کی مفت خدمت قرار دیا اور کہا کہ یہ اجلاس کسی صورت فلسطینی عوام کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ کرنے کے بجائے فلسطین کے قومی اتحاد پر توجہ دیں۔
فلسطین کی مزاحمتی تنظیموں نے اس اجلاس کو ایک شکست خوردہ اجلاس سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ امریکہ کی نگرانی میں ہو رہا ہے اور محمود عباس کی سربراہی میں فسلطینی اتھارٹی ایک بار پھر واشنگٹن کے دھوکے میں آ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عقبہ اردن کا ایک ساحلی شہر ہے اور مذکورہ اجلاس چونکہ اس شہر میں منعقد ہو رہا ہے، اس لئے اسے اسی شہر کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔
