فیصل آباد: مرکزی علماء کونسل پاکستان نے رویت ہلال کمیٹی سے شوال کے چاند کا اعلان عشاء کی نماز سے پہلے کرنے کامطالبہ کردیاہے، پارلیمنٹ عدلیہ وفاقی ادارے اپنا وقار کھو چکے ہیں ملک میں عدم استحکام بیرونی مداخلت کی وجہ سے پیش آرہا ہے اور اس کے آلہ کار نام نہاد سیاست دان ہیں۔
کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کاکہناتھاکہ رمضان کے چاند کا اعلان بھی رات 10بجے کے بعد کیا گیاجو کہ غیر مناسب تھا، ملک میں معاشی بحران اپنے عروج پر ہے مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے دوسری جانب بدقسمتی سے ملک میں سیاسی بحران کے ساتھ ساتھ آئینی بحران بھی شدت اختیار کرچکا ہے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے مابین ٹکراؤہے۔
اُنہوں نے آئینی بحران ختم کرنے کے لئے محب وطن قوتوںکو اپنا کردار ادا کر نے کی اپیل کی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے سیاست دان اور حکمران بیرونی اشاروں پر چل رہے ہیں۔ پاکستان مخالف قوتیں عالمی سطح پر وطن عزیز پاکستان کو ایک ناکام ریاست کے طور پرپیش کرنے میں مصروف عمل ہیں اور بدقسمتی سے سپریم کورٹ اعلیٰ عدلیہ میں واضح تفریق پائی جارہی ہے ۔
حکومت اور اپوزیشن ذمہ داری اور سنجیدگی کا ثبوت دیتے ہوئے داخلی انتشار پر قابو پائیں معاملات باہمی ٹکراؤ کی طرف نہ بڑھنے دیں، اُنہوں نے وفاقی رویت ہلال کمیٹی سے کہاکہ جدید ذرائع استعمال کئے جائیں اور عشاء کی نماز سے پہلے شوال کے چاند کا نظر آنے یا نہ آنے کا فوری اعلان کیا جائے۔
