لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں عوام کو تیار کرنے کے لیے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہیں مان رہی، اگر ایسا ہوتا ہے تو قوم کو سڑکوں پر لاؤں گا۔
زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہم قانون اور انصاف کی بالادستی چاہتے ہیں۔ حقیقی آزادی کی جنگ سب کو قانون کے تابع لانے کے لیے ہے، آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ انصاف اور حقوق دینے سے معاشرہ آزاد ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلامی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے مانگنے نہیں آیا مجبوری ہے، یہ غلامی کی بدترین مثال ہے، یہ غلام ذہینت کے لوگ اور صرف اپنے پیسے کے غلام ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بڑے چوروں کو نہ پکڑا جائے تو قوم زوال پزیر ہوجاتی ہے، میں چوروں کو نہ پکڑ سکا کیونکہ ساری طاقت باجوہ کے پاس تھی، جنرل (ر) باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کے لیے انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں انصاف کا نظام لانا ہے، اہلکار آکر ہمارے بے گناہ کارکنوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں، یہ ظلم اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔
