روس کے نیم فوجی جنگجو گروپ ویگنرکے سربراہ یوفگینی پریگوژن نے گزشتہ روز یوکرین کے شہر بَخموت پرمکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے لیکن یوکرین کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔
پریگوژن نے ٹیلی گرام پر جاری کردہ ایک ویڈیومیں یہ دعویٰ کیا ہے جس میں وہ روسی جھنڈے اور ویگنر کے بینراٹھائے جنگجوؤں کی ایک قطارکے سامنے جنگی وردی میں نظر آئے ہیں۔
پریگوژن نے کہا کہ آج 20 مئی کو دوپہر 12 بجے بَخموت کامکمل طور پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے ،انھوں نے کہاکہ ان کی فوجیں آرام اور بحالی کے لیے 25 مئی سے بَخموت سے واپس چلی جائیں گی ۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے تمام شہر کو گھر بہ گھر، قبضے میں لے لیا ہےویڈیو میں جب پریگوژن بول رہے تھے تو پس منظر میں دورونزدیک سے دھماکوں کی آوازیں سنی جا سکتی تھیں۔
تاہم ان کے اس دعوے کی آزادانہ طورپر تصدیق نہیں ہوسکی جبکہ یوکرین نے اس دعوے کی تردید کی ہے مگراپنی اس تردید کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔