اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت کمیشن کے دیگر اراکین کو دھمکیاں دینے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری پر 24 جون کو فردجرم عائد کرے گی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سمیت کمیشن کے دیگر اراکین کو دھمکیاں دینے کے خلاف فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔
فواد چودھری عدالت میں پیش ہوگئے ، عدالت نے فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اس کیس میں فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، یکم فروری کو سیشن کورٹ نے فواد چوہدری کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔
سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے 24 جنوری 2023 کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا تھا کہ ’ہم الیکشن کمیشن، ان کے ممبران کو، ان کے خاندانوں کو اور یہ جو لوگ ہیں ان کو وارن دھمکیاں دیتے ہو ئے کہا تھا کہ اگر ہمارے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو انہیں اس کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔