کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سسٹم کل سے ملک میں داخل ہوگا، اور دن بھر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں شام اور رات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ میں رات کے دوران بادل برسنے کا امکان ہے، چارسدہ، مردان، پشاور، کوہاٹ اور کرم میں بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔