دبئی:ایشین کرکٹ کونسل(اے سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے دبئی میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اے سی سی نے رواں سال 31 اگست سے 17 ستمبر تک جاری رہنے والے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس کی صدارت اے سی سی کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کے سربراہ جے شاہ کریں گے۔
اے سی سی کے اس ہنگامی اجلاس میں ایشیا کپ میں شامل ممالک کے تمام نمائندے شامل ہوں گے۔ ایشیا کپ شیڈول کو حتمی شکل دینے کے علاوہ اے سی سی کے رکن ٹورنامنٹ کیلئے ٹیلی ویژن رائٹس اور دیگر لاجسٹک انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)حکام اس وقت جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہونے والے انٹرنشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ڈربن میں ہونے والی ملاقاتوں کے بعد وہ اے سی سی کے نمائندوں سے ملاقات کیلئے دبئی جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کیلئے ہائبرڈ ماڈل اپنایا ہے جس کے تحت چار میچز پاکستان میں ہوں گے جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل سمیت ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔