اسلام آباد:بلوچستان کے سینیٹرز نے مردم شماری میں بلوچستان کو کم گننے اورتحریک انصاف کے سینیٹرز نے عمران خان کی سزا کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کیااورایوان میں کالی پٹیاں ہاتھوں پر باندھ کرشرکت کی۔
سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹرمیاں رضا ربانی نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان چپ کا روزہ توڑے اور بتائے کہ حلقہ بندیاںکرنے میں کتنا وقت لگے گا ،الیکشن کا ملتوی ہونا فیڈریشن کے لیے خطرناک ہوگا۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل میں کسی نے اختلاف نہیں کیا متفقہ طور پر مردم شماری کی منظوری دی گئی ہے ۔
اتوار کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔سینیٹرکامران مرتضی نے کہاکہ بلوچستان کی 64لاکھ آبادی کم کردی گئی ہے، اگر درست مردم شماری کی جاتی تو ہماری 7سیٹیں بڑ ھ جاتیں ۔
اسمبلی کی تحلیل سے پہلے مردم شماری کی منظوری دے دی گئی ہے، صوبے میں اچھا پیغام نہیں کیا گیا، کیا قیامت آنی تھی اگر نوٹیفائی نہیں کرتے، میری سیٹیں نہیں بڑھ رہی ہیں کامران مرتضی نے ایوان سے ٹوکن واک آئوٹ کیا، کامران مرتضی کے ساتھ بلوچستان کے تمام اتحادی سینیٹرز بھی واک آئوٹ کرگئے ۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ بلوچستان کی آبادی بڑی ہے کسی ایک صوبے نے بھی سی سی آئی میں اعتراض نہیں کیا ہے، قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ مردم شماری کی تمام تفصیل صوبوں کو بھیج دی ہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ آبادی بڑھی ہے ۔
ماضی کی حکومت نے نئی مردم شماری کا فیصلہ کیا تھا قوم نے اس پر 34ارب روپے خرچ کئے ہیں، تحریک انصاف کے سینیٹرز ایوان میں کالی پٹیاں ہاتھوں پر باندھ کراویوان میں آئے ۔
سیف اللہ ابڑو نے کالی پٹی لگاکرخطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ملک کو بے آئین کردیا گیا ہے عمران خان کو نام نہاد کیس میں سزا دی گئی، حکومت سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کرتی ہے اور جھوٹی عدالت کے فیصلے پر 12:44پر فیصلہ آتا ہے 1:10پر پنجاب پولیس گرفتار کرلیتی ہے ۔
جج نے لکھا ہوا فیصلہ پڑھا ہے اس حکومت نے فیصلہ سنانے والے جج کو برطانیہ بھیج دیاہے، یہ حکومت الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے ، کس قانون کے تحت نگران وزیراعلی سی سی آئی اجلاس میں بیٹھے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ عمران خان کاڈی این اے ٹیسٹ کریں گے بتایا جائے ڈی این اے ٹیسٹ بلڈ یا یورین کا کریں گے ۔
جب نواز شریف کو جیل بھیجا گیا تو خواجہ آصف نے خود آگ کیوں نہیں لگائی جو آج کہے رہاہے کہ بھٹو کو جب قید کیاگیاتو لوگوں نے اپنے آپ کو آگ لگائی تھی۔
یہ الیکشن اس وقت لڑ سکتے ہیں جب تحریک انصاف پر پابندی لگادی جائے، خان صاحب نے 75سال کا سسٹم چیلنج کیا ہے اس کی قیمت خان صاحب کو ادا کرنی ہوگی، ہم اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔
عمران خان کی سزا کے خلاف تحریک انصاف کے سینیٹر نے ایوان سے واک آئوٹ کیا، سینیٹرمیاں رضا ربانی نے کہاکہ مردم شماری پر بلوچستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں، 90دن میں الیکشن ملتوی ہوجائیں گے یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو چپ کا روزہ توڑ دینا چاہیے، سب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن 6سے 7ماہ ملتوی ہوں گے الیکشن کمیشن بتائے حلقہ بندیوں میں کتنا وقت لگے گا الیکشن کا ملتوی ہونا فیڈریشن کے لیے خطرناک ہوگا ۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ 2017کی مردم شماری پر جماعتوں کو اعتراض تھا اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی، خریداری کی وجہ سے 4ماہ ضائع ہوئے ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان بتائے کہ ان کا لائحہ عمل کیا ہوگا انتخابات جلد ازجلد ہونے چاہیے ۔
عمران خان کو سادہ سے قانون میں سزا ہوئی ہے، اس پر واک آئوٹ نہیں ہونا چاہئے، عبدالغفور حیدری نے کہاکہ 5اگست مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے قرار داد جمع کی تھی ایجنڈے پر نہیںہے چیئرمین نے کہاکہ کل ایجنڈے پر لگادیں گے ۔
