ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مردم شماری کی آڑ میں انتخابات کا التواء قبول نہیں، جاوید قصوری

لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مردم شماری کی آڑ میں انتخابات کا التواء قابل قبول نہیں یہ آئین پاکستان سے انحراف کے مترادف ہے ۔ اتحادی حکومت اپنے مطلوبہ نتائج کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے نگران سیٹ اپ کو طول دینا چاہتی ہے۔

جاوید قصوری نے کہاکہ   عوام میں اس حوالے سے شکوک و شہبات پائے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ نظریہ ضرورت کو جب تک دفن نہیں کر لیا جاتا اس وقت تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ اور استحصالی نظام سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا ۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں ، پروٹوکو ل اور دیگر اللوں تللوں کیلئے سخت ترین شرائط پر قرضے حاصل کئے اور ہر پاکستانی کو ڈھائی لاکھ کا مقروض کر دیا ہے ۔200 سرکاری افسران کے لئے3 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدنا بھی کیا آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا ؟

رہنما جماعت اسلامی  نے کہا کہ 13جماعتوں کا حکومتی اتحاد 24کروڑ عوام کے لئے مہنگائی ، بے روزگاری اور تباہی لے کر آیا ۔ عوام ان نا اہلوں کی قابلیت ، صلاحیت اور اصلیت دیکھ چکے ہیں۔ان کی طرز سیاست کو مسترد کرناہوگا تاکہ پاکستان ترقی کر سکے اور عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کو امداد کی نہیں بلکہ  محب وطن قیادت اور ایماندار افسران کی ضرورت ہے ۔ ملک و قوم کا یہ المیہ رہا ہے کہ جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے لوٹ مار اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سوا کچھ نہیں کیا ۔قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا جاتا رہا ہے ۔حالات سے مایوس ہو کر ہر سال 10لاکھ افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے جاتے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں