اسلام آباد: قومی باکسنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اولیمپین ارشد حسین نے کہاکہ حکومتی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کی ترقی نامکمن ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےارشدحسین کاکہناتھا کہ ملک میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کوئی بھی کھیل حکومتی اور اسپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے حوالے سے قومی باکسنگ ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری ہے،تربیتی کیمپ میں 18مرد اور 6خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔ان کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان نیوی، پاکستان ائیر فورس، پنجاب اور بلوچستان سے ہے اور کھلاڑیوں کو میرے علاوہ اسسٹنٹ کوچ لیاقت مغل بھی جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں،
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ملنے والی سہولیات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے ملنے والی سہولیات جن میں رہائش اور کھانا شامل ہے کی تعریف کی۔
سلیکشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اولیمپین کا کہنا تھا کہ کیمپ میں اپنی اپنی ویٹ کیٹگریز میں چیمپئن اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل باکسنگ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا۔
