مظفرآباد: سید علی شاہ گیلانی شہید کی دوسری برسی پرمظفر آباد میں برہان وانی شہید چوک میں عظیم الشان ”جہد مسلسل ریلی” کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر سید شہید کی تصاویر آویزاں تھیں اور تحریک آزادی اور پاکستان کے حوالے سے ان کے زریں اقوال درج تھے۔
ریلی کے شرکاء نے ” گیلانی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا ” ” گیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں ” کے فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے رہنما جماعت اسلامی راجہ آفتاب احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی شہید نے پوری زندگی جموں کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کیے رکھی۔
مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی شہید مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی، حق خودارادیت اور الحاق پاکستان کی توانا آواز تھے۔ شہید گیلانی نے اپنی ساری زندگی کشمیر اسمبلی سے لے کر کشمیر کے ہر شہر ہر ضلعے اور گاؤں میں نہ صرف للکارا بلکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
