دمشق:اسرائیل نے اپنی جارحیت قائم رکھتے ہوئے غزہ کے معصوم اور نہتے شہریوں پر فاسفورس بم برسانے کے بعد شام کے ہوائی اڈوں پر بھی میزائل داغ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق شام نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے دارالحکومت دمشق اور شمالی شہر حلب کے ہوائی اڈوں پر بیک وقت میزائل حملے کیے، جس سے رن وے کو نقصان پہنچا اور دونوں مراکز کوہوائی پرواز کی سروس سے محروم کر دیاہےتاہم اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق شام نے اسرائیلی حملوں کے بعد دونوں ہوائی اڈوں پر دشمن کو بھرپور جواب دینے کے لیے فوجیوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، ہوائی اڈوں پر حملوں کا مقصد شام کے لیے ایرانی سپلائی لائنوں میں خلل ڈالنا اور اسرائیلی درندگی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش تھی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوجیوں نے شام کے توپ خانے پر مارٹر گولے بھی فائر کیے تھے۔
واضح رہے کہ امریکا نے مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے اور گزشتہ روز اسرائیل کو مزید طاقتور بنانے کے لیے اپنا اسلحہ سے لدابحری بیڑا اسرائیل بھیجا ہے۔
یاد رہے کہ شام پر تازہ ترین حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان ملک کا دورہ کرنے والے ہیں۔