اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کوئی سزایافتہ رہنما پسِ پردہ سمجھوتے کے تحت واپس آیا تو یہ قانون و انصاف کا قتل ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کے اعلانات ملکی نظامِ انصاف کیلئے بھی ایک بڑا امتحان ہے۔ نواز شریف کی جیل سے لندن رخصتی تک کے تمام مراحل کی تفصیلات قوم کے ذہنوں میں تازہ ہیں، وہ پلیٹ لیٹس گرنے کا بہانہ بناتے ہوئے انسانی ہمدردی کی آڑ لیکر 4 ہفتوں کیلئے لندن گیا، ضمانت اسی کے چھوٹے بھائی نے دی۔یہ بات ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی۔
کم و بیش چار سال تک یہ لندن کے انہی فلیٹس میں چھپا رہا۔ ان چار سالوں میں سیر واک کرتے تو دیکھا گیا مگر علاج معالجے کا ذکر تک نہ ہوا، سزا یافتہ مجرم کیلئے کوئی بھی ممکنہ ریلیف کا بندوبست خلاف قانون ہوگا۔ قوم ان معاملات پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے، مجرم کو خلافِ قانون سہولت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی،بطور سربراہ چیف جسٹس اپنے ماتحت عدالتوں کے معاملات پر نظر رکھیں۔