لاہور: مقتول بچے کے والد نے گھر کے مالک پر الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع گھر سے 9 سالہ گھریلو ملازم کی بے جان لاش ملی جس کے بعد متوفی بچے کے والد نے گھر کے مالک پر بیٹے کے قتل کا الزام عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق والدین نے 9 سالہ گھریلو ملازم احسان کو پانچ سال قبل پراپرٹی ڈیلر کی رہائش گاہ پر ملازم رکھا تھا۔ ماں کا الزام ہے کہ ان کے بیٹے کو گھر کے مالک نے بدسلوکی کے بعد قتل کر دیا۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں متوفی گھریلو ملازم کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں پانچ سال تک اپنے بیٹے سے ملنے نہیں دیا گیا، پھر ملزمان نے اچانک فون کرکے انہیں بتایا کہ ان کے بیٹے نے خودکشی کرلی ہے۔
اہل خانہ نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ان کے بیٹے کی لاش ان کے پہنچنے سے پہلے مردہ خانے میں پہنچا دی تھی۔
تاہم پولیس نے پراپرٹی ڈیلر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔