کراچی: شہرقائد کے علاقے اورنگی میں ڈھائی کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث ٹرینی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی)عمیر طارق کی مزید وارداتیں سامنے آگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمیر طارق پر جعلی چھاپوں میں گلشن اقبال، گلزار ہجری اور ڈیفنس میں لوٹ مار کے الزامات ہیں۔
متاثرہ شہری منصور شیخ کے مطابق عمیر طارق نے 15 سے زائد اہلکاروں کے ساتھ پہلے گلشن اقبال میں اس کے بھانجے کے گھر پر چھاپا مارا، پھر گلزار ہجری میں اس کے گھر چھاپا مارا اور ڈیڑھ لاکھ روپے، پرائز بانڈ، گھڑیاں، پستول اور موبائل فون ساتھ لے گئے۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ عمیر طارق ہمیں اٹھا کر تھانے لے گئے اور مزید رقم طلب کی، ثبوت نہ ملنے پر چھوڑ دیا۔ڈیفنس میں ایک پان والے نے بھی ڈی ایس پی پر پونے دو لاکھ روپے کا سامان چھیننے کا الزام لگا دیا،اورنگی میں ڈکیتی کے الزام میں عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
واقعے پر متعلقہ ایس ایس پی ساتھ عمران قریشی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، اورنگی واقعے پر ایف آئی آر کے مطابق دو کروڑ روپے نقد اور 70 سے 80 تولے سونا لوٹا گیا، بعد میں ایک کروڑ 30 لاکھ اور 50 تولے سونا واپس کردیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمیر طارق کو ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، متاثرہ شہری نے عمیر طارق پر اغوے کا الزام بھی لگا یا ہے۔