کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ کا علاقہ پولیس نے ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا دیہاتی سے لوٹ مار مزاحمت کرنے پر گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ بائی پاس گولا موڑ کے مقام پر دن دہاڑے مسلح افراد نے موٹر سائیکل سوار حسین بخش گولو سے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی ڈاکوؤں سے مزاحمت کرنے پر مسلح افراد بغیر کسی خوف کے سیدھی گولیاں چلا دیں گولیاں لگنے کے باعث دیہاتی زخمی ہوگئے۔ بے رحم ڈاکو تین لاکھ روپے ودیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے زخمی کو علاقہ مکینوں اور گولا برادری نے اسپتال پہنچایا۔ اطلاع کے باوجود پولیس جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی پولیس اسپتال پہنچ کر واقعے کے بارے میں معلومات لیکر واپس چلی گئی زخمی کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سکھر منتقل کیا گیا۔ روزانہ کی بنیاد پر لوٹ مار کے واقعات کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے عید قریب آتے ہی بے امنی کے باعث خوف والی صورتحال ہونے کی وجہ سے کاروبار بہی متاثر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب کشمور ائٹ کندھکوٹ ضلع بھر میں ڈاکوؤں کا راج برقرار۔ چوری، ڈکیتی، رہزنی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بچوں نوجوانوں کے بعد اب بزرگ شہری بھی اغوا ہونے لگے۔ گزشتہ شب میانی ایٹ بڈانی تھانہ کی حدود گاؤں غلام حسین سے نامعلوم ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ایک بزرگ شہری محمد اسحاق بھٹو کو اغوا کر کے کچے کی طرف فرار ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ چوروں کے ڈر سے بزرگ شخص رات کو اپنی دکان پر سویا ہوا تھا کہ ڈاکو اسے اغوا کر کے لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور علاقہ مکین ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے کچے کی طرف روانہ ہو گئے۔ آخری اطلاع تک مغوی بازیاب نہ ہو سکا تھا۔ یاد رہے کہ دو روز میں میانی ایٹ بڈانی تھانہ کی حدود سے ڈاکوؤں نے دو شہریوں کو اغوا کر لیا ہے۔ دوسری جانب کشمور پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں تین مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بازیاب ہونے والے مغویوں میں سے دو کا تعلق بدین اور ایک کا تعلق شکارپور ضلع سے ہے۔ تینوں مغوی کچے میں شادی کرنے آئے تھے اور اغوا ہوگئے۔