بنگلورو( اسپورٹس ڈیسک ) سابق بھارتی کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے چوتھی منزل پر موجود اپنے اپارٹمنٹ کی بالکنی سے کود کر خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق فاسٹ بولر 52 سالہ ڈیوڈ جانسن نے بنگلورو میں اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگاکر زندگی کا خاتمہ کیا، وہ کچھ وقت سے ڈپریشن کا شکار تھے۔ڈیوڈ جانسن اپنے گھر کے قریب ایک کرکٹ اکیڈمی بھی چلاتے تھے، انہوں نے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے چھوڑے ہیں۔ڈیوڈ جانسن نے 1990 کی دہائی میں بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اکتوبر 1996 میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور کْل دو ٹیسٹ میچز میں شریک رہے جس میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔فٹنس مسائل نے ڈیوڈ جانسن کے بین الاقوامی کیریئر کو محدود کردیا تاہم اس کے باوجود بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں انکا کیریئر شاندار رہا، ڈیوڈ جانسن نے کرناٹک کے لیے 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 125 وکٹیں حاصل کیں۔ڈیوڈ جانسن کی المناک موت کی خبر پر کرکٹ حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق کرکٹرز انیل کمبلے نے کہا کہ میرے کرکٹ کے ساتھی ڈیوڈ جانسن کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، گوتم گمبھیر نے پوسٹ میں لکھا کہ ڈیوڈ جانسن کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بھی سوشل میڈیا پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے سابق بھارتی فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ افسوس کا اظہارکرتا ہوں۔