
استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سرکاری دورے پر استنبول پہنچ گئے، جہاں صدر رجب طیب اردوان نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی ترقی اور خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کے بارے میں بھی بات کی۔شہزادہ فیصل کا اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ترکیہ کے نائب وزیرِ خارجہ نوح یلماز نے استقبال کیا۔ شہزادہ فیصل اور ترک صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزارتِ خارجہ کے نائب سیکرٹری برائے سیاسی امور سعود الساطی اور ترکیہ میں سعودی سفیر فہد ابو النصر بھی موجود تھے۔ شہزادہ فیصل نے اپنے ترک ہم منصب حاقان فیدان سے بھی ملاقات کی ،جس میں سعودی ترک تعلقات کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی شعبوں میں نمایاں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ تُرک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 2023 ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم 6.8 ارب ڈالر تھا جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔ اس موقع پر شہزادہ فیصل نے ہم منصب کے ساتھ علاقائی مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیلی حملے کے بارے میں بات کی اور فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔