لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو کی ہدایت و احکامات پر پولیس کا کرمنلز کے خلاف کریک ڈاؤن، مختلف علاقوں میں بھاری نفری کے ساتھ سرچ آپریشن، چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان گرفتار، ملزمان میں اشتہاری، روپوش، منشیات فروش و مطلوب ملزمان شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے پسٹلز، ریوالورز، چرس اور 4 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد۔ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق پولیس کی جانب سے وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کیلیے عادی مجرموں کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف سب ڈویژنز کے تھانوں کی پولیس نے جیکب آباد لاڑکانہ سرحدی پٹی والے علاقوں وارث ڈنو ماچھی، منگت شاخ سمیت رتو ڈیرو سیہڑ، آریجا، مارکیٹ اور یونیورسٹی کے گرد و نواح میں سرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن کے دوران مجرموں کی ممکنہ موجودگی والی پناہ گاہوں اور ڈیروں کی تلاشی بھی لی گئی، متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ اور ریکارڈ کی تصدیق کی گئی، چھاپوں کے دوران 6 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، چرس اور 4 چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد، وارث ڈنو ماچھی پولیس نے منگت شاخ والے علاقے سے منشیات فروش میر احمد ولد نور احمد بوسن رہائشی راضی خان بوسن کو دو کلو (2000) گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا۔