لاہور میں پولیس نے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کو دبئی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اس سے پاکستان واپسی سے متعلق سوال کیا۔ طیفی بٹ نے عدالت میں مقدمات کا سامنا کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جس کے بعد عدالت نے اسے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق طیفی بٹ کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے اور اسے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کا مرکزی کردار قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فروری 2024 میں لاہور میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد تھانہ چوہنگ میں درج مقدمے میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ اور عقیل عرف گوگی بٹ کو نامزد کیا گیا تھا، جب کہ مقدمے کا ایک اور مرکزی ملزم احسن شاہ پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔ طیفی بٹ قتل کے بعد بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا۔