لاہور:۔ پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے پرتشدد مظاہرین کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 954 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور لوکیٹر کی مدد سے مفرور ملزمان کو پکڑنے کے لیے لاہور میں چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں اور دیگر اضلاع میں بھی کریک ڈائون جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ٹی ایل پی کے دیگر پرتشدد مظاہرین مختلف اضلاع میں مفرور ہیں جن کے خلاف پولیس کی مختلف ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں، لاہور پولیس نے ٹارگٹ لسٹ تیار کی ہے جس میں تقریباً ساڑھے تین ہزار مظاہرین کی شناخت کی گئی ہے جنہیں پولیس کی جانب سے پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹی ایل پی کے ساڑھے 4 ہزار مظاہرین کو گرفتار کرنے کے لیے سخت کارروائیاں جاری رکھے، پولیس کے مطابق ٹارگٹ لسٹ میں تقریباً 3500 پرتشدد مظاہرین شامل ہیں جنہیں قانونی کارروائی کے لیے گرفتار کیا جانا ہے۔