واشنگٹن:امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے روس کی جانب سے صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ پر یوکرینی ڈرون حملے کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔
سی آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین نے کسی بھی ڈرون حملے میں روسی صدر کی رہائش گاہ کو نشانہ نہیں بنایا،سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر سی آئی اے نے واضح کیا کہ روس کی جانب سے کیے گئے دعوؤں میں کوئی ٹھوس ثبوت یا سچائی نظر نہیں آتی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی رویے پر ناراضی کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ایسے بے بنیاد دعوے صورتحال کو مزید کشیدہ کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین نے ڈرون حملے کے ذریعے صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ روسی حکام نے اس حملے سے متعلق ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی، امریکی خفیہ ادارے کی تازہ رپورٹ نے ان دعوؤں کو رد کر دیا ہے۔