لاہور/کراچی/پشاور: سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو گئی ہے جبکہ مختلف موٹر ویز کو حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری، ایم تھری فیض پور سے درخانہ اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور ایم فورٹین انجرا سے عیسیٰ خیل تک بھی ٹریفک معطل ہے۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جہاں سیہون سے لاڑکانہ کے درمیان مختلف مقامات پر حدِ نگاہ 10 سے 30 میٹر تک محدود ہو چکی ہے، جس کے باعث گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، بیرونِ ملک جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ فلائٹ شیڈول جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
ادھر بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ کے قریب دھند کے باعث افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔