ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بھارت: آن لائن گیمنگ کی لت میں مبتلا تین کم عمر بہنوں نے والدین کی پابندی کے بعد خودکشی کر لی

بھارت کے شہر غازی آباد میں ایک دلخراش واقعے میں تین کم عمر بہنوں نے والدین کی جانب سے آن لائن گیمنگ پر پابندی کے بعد اپنے اپارٹمنٹ کی نویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب تقریباً دو بجے پیش آیا، خودکشی کرنے والی بہنوں کی شناخت 12 سالہ پاکھی، 14 سالہ پراچی اور 16 سالہ وشیکا کے طور پر ہوئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تینوں بہنوں عالمی وباء کووِڈ-19 کے دوران آن لائن گیمنگ کی لت میں مبتلا ہو گئی تھیں اور وہ ایک ٹاسک پر مبنی آن لائن گیم ’کوریَن لو گیم‘ میں مسلسل مشغول رہتی تھیں، لڑکیوں نے گیم کے شدید شوق کے باعث اپنے لیے کورین نام بھی اپنائے، جس پر والدین شدید پریشان تھے۔

والدین کا کہنا ہے کہ تینوں بہنیں دن بھر کے تمام کام ایک ساتھ کرتی تھیں اور اسکول کی تعلیم کو بھی نظر انداز کر رہی تھیں، تینوں بہنوں نے تقریباً دو سال قبل اسکول جانا بھی چھوڑ دیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ والدین کی جانب سے گیمنگ پر پابندی کے باوجود تینوں بہنیں آن لائن گیمز کھیلنے پر اصرار کرتی رہیں، جس کے بعد انہوں نے یہ جان لیوا اقدام کیا۔ پولیس موقع پر موجود ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس افسوسناک اقدام کے اسباب کو تفصیلی طور پر سامنے لایا جا سکے۔

ماہرین نفسیات کے مطابق اس قسم کے واقعات نوجوانوں میں آن لائن گیمنگ کی لت، ذہنی دباؤ اور والدین کے سخت اقدامات کے ردعمل سے جڑے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور غیر معمولی رویوں کی صورت میں بروقت پیشہ ورانہ مدد حاصل کریں۔

یہ واقعہ بھارت میں نوجوان نسل میں بڑھتی ہوئی آن لائن گیمنگ کے اثرات اور والدین کے لیے اس سے نمٹنے کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں