کراچی کے علاقے بہادرآباد میں شہری سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹنے کے واقعے کے بعد متاثرہ شہری سید معاذ علی کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے پولیس کی جانب سے ریکوری کے دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔
سید معاذ علی کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے 200 تولہ سونا برآمد کرنے کا دعویٰ درست نہیں، حقیقت یہ ہے کہ انہیں صرف 10 فیصد سونا واپس ملا ہے جبکہ باقی 90 فیصد سونا ڈاکو لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق وہ گھر کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح افراد آئے اور اسلحے کے زور پر 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ ڈالر چھین کر فرار ہو گئے۔
یاد رہے کہ 3 فروری کو بہادرآباد کے علاقے فاران سوسائٹی کے رہائشی شہری بینک لاکر سے 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لے کر گھر پہنچے تھے۔ جیسے ہی گھر کا دروازہ کھلا، موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان گیراج میں داخل ہو گئے اور زیورات و نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
شہری نے ملزمان کا کچھ فاصلے تک تعاقب بھی کیا، تاہم تیز رفتاری کے باعث ایک بڑے اسپیڈ بریکر پر موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی اور ملزمان گر پڑے، جس سے زیورات سڑک پر بکھر گئے۔ اس دوران اطراف میں موجود سکیورٹی گارڈز کو دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زیورات تحویل میں لے لیے، تاہم پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ 90 فیصد سونا برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔