سعودی عرب میں پاکستانی طلبا کے لیے فلی فنڈڈ انٹرن شپ کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں ایک ہزار ڈالر ماہانہ وظیفے کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے وزٹنگ اسٹوڈنٹ ریسرچ پروگرام 2026 کے لیے باضابطہ طور پر درخواستوں کا آغاز کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ مکمل طور پر فنڈڈ بین الاقوامی تحقیقی انٹرنشپ پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے انڈرگریجویٹ اور ماسٹرز طلبہ کے لیے دستیاب ہے۔
فنڈڈ انٹرن شپ میں منتخب امیدواروں کو اس پروگرام کے تحت ماہانہ ایک ہزار امریکی ڈالر وظیفہ دیا جائے گا جب کہ راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ، کیمپس میں مفت رہائش، مکمل ہیلتھ انشورنس، ویزا سپورٹ اور جدید لیبارٹریز تک رسائی بھی ہوگی۔
شرکا عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے اور انٹرن شپ کی مدت 3 سے 6 ماہ ہوگی۔
پروگرام سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے، جن میں کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، انرجی اسٹڈیز، ماحولیاتی سائنس اور حیاتیاتی علوم شامل ہیں۔ اس دوران طلبہ کو عالمی معیار کی تحقیق اور جدید سائنسی طریقہ کار سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوگی۔
پاکستان سمیت تمام ممالک کے انڈرگریجویٹ (کم از کم تیسرے سال) اور ماسٹرز طلبہ درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا کم از کم جی پی اے 3.5 ہو۔
پی ایچ ڈی کے طلبہ، کے موجودہ اور سابق طلبہ اس پروگرام کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ انگریزی زبان پر عبور ضروری ہے تاہم لازمی نہیں۔
آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائی جائے گی، جس کے لیے تازہ ترین سی وی، سرکاری تعلیمی ٹرانسکرپٹ، سفارشی خط، ذاتی بیان اور کارآمد پاسپورٹ کی نقل درکار ہوگی۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار کی سرکاری ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنا کر مطلوبہ معلومات اور دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں پورے سال قبول کی جاتی ہیں اور شارٹ لسٹ امیدواروں کو چند ہفتوں میں مطلع کردیا جاتا ہے۔