ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بجلی نرخوں میں اضافے کے خلاف پی ڈی پی اور اپنی پارٹی سراپااحتجاج

سری نگر/پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے پیر کے روز سری نگر میں الگ الگ احتجاجی مظاہرے کرکے جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کے خلاف شدید مخالفت کا اظہار کیا۔
پی ڈی پی نے سری نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا، جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ بجلی کے نرخ بڑھا کر عام صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔احتجاج کرنے والے پی ڈی پی کارکنوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران نیشنل کانفرنس کی جانب سے مفت بجلی فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے تھے، لیکن اب بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ادھر سری نگر کے پریس کالونی میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے بھی الگ احتجاج کیا گیا، جس کی قیادت پارٹی رہنما محمد اشرف میر نے کی۔ احتجاج میں پارٹی کارکنوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں نظرثانی کی مخالفت کی۔مظاہرین نے ’’عمر تیری سرکار میں اندھیرا ہی اندھیرا ہے‘‘ سمیت مختلف نعرے لگائے اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ احتجاج جوائنٹ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن (JERC) کی جانب سے جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (JPDCL) اور کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (KPDCL) کے لیے ریٹیل بجلی کے نرخوں میں اوسطاً 6.83 فیصد اضافے کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے۔ نئے نرخ یکم ستمبر سے نافذ ہونے کا امکان ہے۔احتجاج کرنے والی سیاسی جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور صارفین پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں