ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

زمین دھنسنے سے کُلتی چکہ کے کئی مکانات میں دراڑیں،تین خاندان محفوظ مقامات پر منتقل

محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل راج گڑھ کے نشیبی علاقوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب کُلتی چکّہ کنڈی علاقے میں ایک غیر رہائشی ڈھانچہ زمین میں دھنسں جانے کے بعد دریائے چناب میں گر رہا ہے جبکہ کئی قریبی رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑ گئیںہیں۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے احتیاطی طور پر تین خاندانوں کے دس افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔
زمین دھنسنے اور مکانوں میں دراڑیں پڑنے کا یہ سلسلہ پچھلے کئی روز سے دریائے چناب کے کنارے واقع کُلتی چکّہ کنڈی علاقے میں پیش آرہا ہے ، جہاں مقامی لوگوں نے غیر رہائشی ڈھانچے کے دھنسنے اور قریبی مکانات میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع حکام کو دی۔ اطلاع ملتے ہی تحصیل و ضلع انتظامیہ، محکمہ مال اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
تحصیلدار راج گڑھ میجر سنگھ نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر تین خاندانوں پر مشتمل دس افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے انہیں عارضی رہائش کے لیے خیمے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
اس دوران سابقہ ممبر اسمبلی رام بن اور بی جے پی ضلع رام بن کے صدر نیلم کمار لہنگے نے بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ اور مناسب بازآبادکاری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کے کسی وزیر یا رکن اسمبلی کے موقع پر نہ پہنچنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ لوگوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے حکومت کی اعلیٰ سطحی نمائندگی ہونی چاہیے تھی۔
مقامی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بغلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ ڈیم سے حالیہ پانی کے اخراج کے باعث علاقے کی زمین اور ڈھلوانوں پر دباؤ بڑھا ہوگا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زمین دھنسنے اور مکانات میں دراڑیں پڑنے کی اصل وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔
متاثرہ علاقے کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی تفصیلی جانچ کے بعد زمین دھنسنے کی وجوہات اور نقصانات کی اصل حد کا تعین کیا جائے گا۔اس دوران پیر کی دوپہر ڈپٹی کمشنر رامبن محمد الیاس خان بھی متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے ہیں تاکہ وہاں ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا جاسکے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں