سری نگر/جموں و کشمیر کے انچارج اے آئی سی سی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید ناصر حسین نے جمعرات کو کہا کہ کانگریس نے ابھی تک جموں و کشمیر کی کونسل آف منسٹرز میں شامل ہونے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔میڈیا کیساتھ گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر حسین نے کہا کہ اس معاملے پر فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے کانگریس سے دوبارہ رابطہ کرتے ہوئے کونسل آف منسٹرز میں ایک وزارت دینے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، جموں و کشمیر کانگریس حکومت میں شامل ہونے کے اصولی طور پر مخالف نہیں ہے، تاہم پارٹی 2 وزارتی عہدوںکا مطالبہ کر رہی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کانگریس دوسرے عہدے کے معاملے پر بات چیت کے لیے تیار ہے اور اگر نیشنل کانفرنس کابینہ میں دوسری وزارت دینے کے مطالبے پر رضامند نہیں ہوتی تو پارٹی اپنے ایک رکن اسمبلی کے لیے مناسب ایڈجسٹمنٹ چاہتی ہے۔
جموں و کشمیر کانگریس یونٹ کی جانب سے اتحادی جماعتوں پر مشتمل ایک ’’کوآرڈینیشن کمیٹی‘‘تشکیل دینے پر بھی زور دیا جا رہا ہے، تاکہ حکومتی فیصلہ سازی کے عمل میں کانگریس کا مؤثر کردار یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے لیے اپنی شرائط پر بات چیت کی ہے اور اب وہ نیشنل کانفرنس کے جواب کا انتظار کر رہی ہے۔