ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کشتواڑ میں مجلسِ شوریٰ اور سناتن دھرم سبھا کی کال پر مکمل پُرامن بند، چھاترو میں احتجاج جاری

عاصف بٹ
کشتواڑ/چھاترو میں کمسن بچی کے ساتھ پیش آئے دل دہلا دینے والے واقعے اور بعد ازاں اس کی موت کے خلاف جمعرات کو مجلسِ شوریٰ اور سناتن دھرم سبھا کی مشترکہ اپیل پر کشتواڑ میں مکمل اور پُرامن بند منایاگیا۔بند کے دوران کشتواڑ قصبے کے بیشتر بازار، تجارتی مراکز اور کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے، جبکہ سڑکوں پر معمول کے مقابلے میں ٹریفک بھی نمایاں طور پر کم رہی۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بند کے ذریعے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مجلسِ شوریٰ کی جانب سے بند کی کال کے بعد بدھ کی دیر رات سناتن دھرم سبھا نے بھی اس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دوپہر 12 بجے تک بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔ اس دوران دونوں برادریوں سے وابستہ تجارتی اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔بند کے دوران کشتواڑ قصبے میں مجموعی صورتحال پُرامن رہی اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب چھاترو میں متاثرہ بچی کے لیے انصاف کے مطالبے کو لے کر احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ مقامی افراد اور مختلف سماجی حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے تمام ملوث افراد کی گرفتاری، واقعے کی شفاف اور تیز رفتار تحقیقات اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کشتواڑ اور دیگر علاقوں میں طلبہ، تاجروں، قبائلی برادری اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں، جن میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ادھر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں