کارروائیوں کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پنجگور اور چاغی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،11 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران ضلع پنجگور اور چاغی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں کی گئی کارروائیوں میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی جانب سے سامنے آنے کا امکان ہے۔