ڈرونز عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، جسے افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔
افغان طالبان رجیم کے 8 ڈرونز پاکستانی حدود میں داخل، ایئر ڈیفنس نے تمام مار گرائے( فوٹو سوشل میڈیا)
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل کیے گئے 8 ڈرونز کو پاکستانی ایئر ڈیفنس نظام نے کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کرنے والے ڈرونز عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے، جسے افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ مزید 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرونز کی پاکستان میں مبینہ دراندازی افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی معاونت اور سرپرستی کا مزید ثبوت ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی افواج نے اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں افغان طالبان کے متعدد مورچوں اور مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی حدود اور عوام کے تحفظ کے لیے افواج پاکستان اور پاک فضائیہ مسلسل چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔